کترینہ کیف آؤٹ، شردہا کپور اِن
بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف پہلی مرتبہ اداکار ورن دھون کے ساتھ آنے والی فلم ’اے بی سی ڈی 3‘ میں کام کرنے جارہی تھیں، تاہم اب شردہا کپور نے ان کی جگہ لیتے ہوئے یہ فلم اپنے نام کرالی۔
ہندی سینما میں دانس پر مبنی سب سے بڑی فلم سیریز اے بی سی ڈی کی تیسری فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے، جس میں ورن دھون ایک مرتبہ پھر مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔
ورن دھون اس سیریز کی دوسری فلم میں بھی کام کرچکے ہیں، جبکہ سیریز کی پہلی فلم میں کسی نامور اداکار کو کاسٹ نہیں کیا گیا تھا۔
اے بی سی ڈی کی پہلی دو فلموں کی کامیابی کے بعد فلم ساز نے تیسری فلم میں ورن دھون کے ساتھ کترینہ کیف کو کاسٹ کرنے کا ارادہ کیا تھا، جو اپنی اداکاری سے زیادہ رقص کے لیے تعریفیں بٹورتی آرہی ہیں۔
کترینہ کیف نے فلم میں کام کرنے کی حامی بھی دے دی تھی، جس کے بعد فلم کی ٹیم نے ٹیزر کے طور پر ایک چھوٹی سی ویڈیو بھی شیئر کی تھی، جس میں ورن دھون اور کترینہ کیف کا نام مرکزی اداکاروں کے طور پر پیش کیا گیا۔
تاہم شوٹنگ سے چند روز قبل کترینہ کیف نے فلم کی ٹیم کے سامنے اس کا حصہ نہ بن پانے کے باعث معذرت کرلی، کیوں کہ وہ اس وقت اپنی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کے ساتھ اے بی سی ڈی 3 کا حصہ بن پانا ان کے لیے خاصہ مشکل ہے۔
جبکہ ایسا بھی خیال کیا جارہا ہے کہ کترینہ کیف کی اس فلم میں کام نہ کرنے کی ایک وجہ ورن دھون کو ان سے 5 گنا زیادہ معاوضہ ملنا ہے۔
رپورٹس تھیں کہ ورون دھون کو رقص کے کرتب دکھانے پر 32 کروڑ روپے جبکہ کترینہ کیف کو محض 7 کروڑ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔
تاہم اب اس فلم میں مرکزی اداکارہ کے لیے جیکولین فرنینڈز اور کرتی سنن جیسی اداکاراؤں کا نام بھی سامنے آیا، تاہم اب شردہا کپور کو فلم میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔
فلم کے مرکزی اداکار ورن دھون نے ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق شردہا کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرکے کی۔
اس تصویر میں یہ دونوں ایک ساتھ موجود ہیں، جبکہ ورن نے شردہا کو ’چرکٹ‘ کہہ کر بلایا جبکہ شردہا کی ’گھر‘ واپسی پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستانی لڑکی کی ’اے بی سی ڈی 3‘
یاد رہے کہ اس سیریز کی دوسری فلم میں ورن دھون کے ساتھ شردہا کپور نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔
فلم ’اے بی سی ڈی 2‘ بھی باکس آفس پر شاندار ہٹ ثابت ہوئی تھی۔
فلم ’اے بی سی ڈی 3‘ کی ہدایات ریمو ڈی سوزا دیں گے، جبکہ اس میں ورن اور شردہا کے ساتھ پرابھودیوا دوبارہ کام کریں گے۔
یہ فلم 3ڈی اسکرینز پر ریلیز ہوگی۔
اس فلم میں ورن دھون بھارتی جبکہ شردہا کپور پاکستانی ڈانسر بنیں گی، جو ایک دوسرے سے ایک بین الاقوامی ڈانس مقابلے میں ملاقات کریں گے۔
No comments:
Post a Comment